امریکہ فائرنگ کے واقعات میں دو بچے اور دوپولیس اہلکار ہلاک

, ,

ٹیکساس: امریکہ میں فائرنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی فائرنگ سے 7 اور 9 سال کے دو بچے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ٹیکساس کی پولیس کا کہنا ہے کہ ہریس شہر میں گاڑی میں سوار افراد کی ایک گھر پر فائرنگ سے ایک سات سالہ بچہ ہلاک ہو گیا۔ اسی طرح ہوسٹن کی پولیس کا کہنا ہے کہ ہریس شہر سے صرف 20 کیلو میٹر کے فاصلے پر فائرنگ کا ایک اور واقعہ رونما ہوا جس کے دوران ایک 9 سالہ لڑکی ماری گئی۔ پولیس کا کہناہے فائرنگ سے ہلاک ہونے والی لڑکی کی ماں بھی زخمی ہو گئی۔اس رپورٹ کے مطابق، پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مسلح افراد کی شناخت کی کوشش کر رہی ہے۔ امریکی ذرائع کا کہنا ہے کہ پچھلے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران ہوسٹن کے علاقے میں کم از کم پانچ بچے فائرنگ کا نشانہ بنے جن میں سے دو کی موت ہو گئی ہے۔پچھلے چند ہفتوں کے دوران امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں 40 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن سمیت مختلف شہروں میں ہفتہ کے روز عوام نے وسیع پیمانے پر مظاہرے کر کے اسلحہ رکھنے کی آزادی پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔ اس سے قبل اسلحہ رکھنے کی آزادی کی حمایت میں مظاہرہ ہوا تھا۔امریکہ میں رائج گن کلچر کے باعث سالانہ کئی ہزار افراد ہلاک و زخمی ہو جاتے ہیں۔ امریکہ کے قانون ساز ادارے طاقتور اسلحہ لابی کے اثر و رسوخ کی وجہ سے تاحال، گن کنٹرول قوانین وضع کرنے سے قاصر رہے ہیں۔جبکہ لاس اینجلس کانٹی کے شہر ایل مونٹی میں ممکنہ طور پر چاقو حملے کی تحقیقات کے دوران 2پولیس اہلکاروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے اور مشتبہ شخص کی جائے وقوعہ پرہی موت ہو گئی ہے۔ایل مونٹی کے عبوری پولیس چیف بین لوری نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق منگل کی شام تقریبا 4 بجکر 45منٹ (بدھ کی صبح 4 بجکر 45 منٹ پاکستانی وقت) پر لاس اینجلس کے مشرقی شہر ایل مونٹی کے سیسٹا سرائے میں پہنچتے ہی محکمہ پولیس ایل مونٹی کے 2 اہلکاروں پر فائرنگ کر دی گئی۔مرنیوالے اہلکاروں میں ایک 22 سالہ تجربہ کار اہلکار اور ایک ناتجربہ کاراہلکار شامل ہیں، ناتجربہ کاراہلکار کو محکمہ میں آئے صرف ایک سال ہوا تھا، دونوں اہلکاروں کی شناخت ظاہرنہیں کی گئی ہے۔ لاس اینجلس کانٹی شیرف کے محکمہ ہومی سائیڈ بیورو کے مطابق اہلکاروں نے مشتبہ شخص کا سامنا کیا اور سرائے کے کمرے کے اندر اور سرائے کی پارکنگ لاٹ میں 2 جگہوں پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔یہ ہلاکتیں لاس اینجلس کے اسٹوڈیو سٹی ایریا میں ٹریفک اسٹاپ کے دوران کیلیفورنیا ہائی وے پٹرول کے ایک افسر کو گولی مار کر شدید زخمی کرنے کے ایک دن بعد ہوئی ہیں۔

Leave a Reply