
کراچی کی تاریخ کی بڑی ڈکیتی کے دو ملزمان سمیت 5 رکنی ڈکیت گینگ گرفتار
کراچی : میٹھا در میں کراچی کی سب سے بڑی واردات میں 20 کروڑ روپے کی ڈکیتی کے مفرور ملزمان عابد رحمان عرف عابد افغانی ولد میر رحمان عرف نور رحمان عرف میاں اور مدثر شاہ ولد نیاز بادشاہ کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کے مطابق ملزم عابد ڈکیتی کے بعد افغانستان فرار ہوگیا تھا جو ایک ماہ قبل ہی افغانستان سے واپس آیا تھا۔ملزمان کو موٹر سائیکل نمبر KKV-7557 پر مشتبہ حالت میں پہلوان گوٹھ گلستان جوہر سے 1040 گرام چرس اور ایک پستول سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ دریں اثناء درخشاں پولیس بنگلوں میں ڈکیتیاں کرنے والے پانچ رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سخاوت گوپانگ، عابد ایندھڑ، شہباز ایندھڑ، کامران ایندھڑ ، عمران ایندھڑ معلومات کے حصول اور وارداتوں کے لیے DHA میں واقع بنگلوں میں باورچی، ڈرائیور، مالی وغیرہ کے طور پر ملازمت کرتے اور موقع ملنے پر اپنے کام اور رہائش کی جگہ کے ارد گرد کے گھروں میں رہائش پزیر افراد کی غیر موجودگی میں ان کے بند گھروں سے نقب زنی کی وارداتیں کرتے تھے، ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں لاکھوں روپے مالیت کے چوری شدہ زیورات، قیمتی گھڑیاں اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے، ملزمان رحیم یار خان کے کچے کے علاقے سے تعلق رکھتے ہیں ۔