
لوکل کونسلز کی مجموعی گرانٹ کیلئے 16.8ارب روپے
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے مالی سال 2022-23کے لیے لو کل کونسلز کی مجموعی گرانٹ میں 16.8 ارب مختص کئے ہیں جن میں ترقیاتی بجٹ کے لیے 10ارب شامل ہیں جبکہ بلدیات و دیہی ترقی کے لئے مجموعی طور پر مالی سال 2022-23کے ترقیاتی مد میں 10ارب روپے جبکہ غیر ترقیاتی مد میں 18ارب47کروڑروپے مختص کیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ ومواصلات سردار عبدالرحمن کھیتران نے آئندہ مالی سال کا بجٹ بلوچستان اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقامی اور نچلی سطح پر سروس ڈیلیوری کے لیے لو کل گورنمنٹ سسٹم کا کردار انتہائی اہم ہے بلدیاتی اداروں کو مستحکم اور پائیدار بنانے کے لیے موجودہ حکومت لوکل گورنمنٹ سسٹم کو مزیدموثر بنانے کے لیے اقدامات اْٹھارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے لوکل گورنمنٹ کی کاوشوں سے اس بار 29مئی 2022کو پاکستان الیکشن کمیشن کو سپورٹ کر کے بلوچستان بھر میں کامیاب اور پْرامن بلدیاتی انتخابات منعقد کروائے۔ اس سلسلے میں ہمارے صوبائی خزانہ سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو4.3ارب روپے منتقل کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال 2021-22میں ترقیاتی فنڈ سے 73جاری اسکیمات اور 140نئی اسکیمات پر کام جاری ہے۔