اسلام آباد، جناح یونیورسٹی کے وائس چانسلر پر فائرنگ، محمد علی شاہ محفوظ رہے

, ,

اسلام آباد : جناح یونیورسٹی میں 14 اگست کی تقریب کے بعد وائس چانسلر پر فائرنگ، خوش قسمتی اور یونیورسٹی کے ایک پروفیسر کی حاضر دماغی اور بہادری سے وائس چانسلر محفوظ رہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ جناح یونیورسٹی کے وائس چانسلر پرکی گئی تاہم وہ محفوظ رہے، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم سے اسلحہ برآمد کرلیا مزید تفتیش جاری ہے۔ وائس چانسلر جناح یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی شاہ کے مطابق ملزم نے 3 فائر کیے تھے۔ وائس چانسلر پر مبینہ فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ چیئرمین سیکورٹی کمیٹی جناح یونیورسٹی ڈاکٹر سہیل کی مدعیت میں تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی 14 اگست کی تقریب کے بعد لائبریری ہال سے باہر نکلے تو یونیورسٹی کے انٹرن جواد علی نے وائس چانسلر کی کن پٹی پر پستول تان لیا، ملزم نے کہا سب لوگ پیچھے ہٹ جاؤ، آج انہیں زندہ نہیں چھوڑوں گا۔ ایف آئی آر کے مطابق یونیورسٹی کے ایک پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق نے ملزم کا پستول والا ہاتھ پکڑ کر اوپر کیا تو اس نے دو فائر کردیے، ملزم جواد علی نے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی پر حملہ جان سے مارنے کی نیت سے کیا۔ ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزم نے وائس چانسلر پر حملہ کسی کے ایما پرکیا، جن لوگوں کے ایما پر حملہ کیا گیا انہیں گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔

Leave a Reply