
احتجاج کے بجائے عمران خان کو پارٹی سربراہی سے مستعفی ہو نا چاہئے،شیری رحمان
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے بعد احتجاج کے بجائے عمران خان کو پارٹی سربراہی سے مستعفی ہو جانا چاہئے۔ اخلاقیات کا درس دینے والے عمران خان خود پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کے بجائے ای سی پی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی صرف اپنا بیانیہ بچانے کے لئے احتجاج کر رہی ہے۔ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ دوسروں سے تلاشی دینے کا مطالبہ کرنے والوں نے خود 13 اکاﺅنٹس اور غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ چھپائی۔ عمران خان خود دعوی ٰکرتے رہے کہ انہوں نے ممنوعہ فنڈز نہیں لی۔ صادق و امین نے جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا۔ یہ خیرات کے نام پر بھی غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ لیتے رہے۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ایک وزیراعظم کو عدالت نے غلط بیانی کی بنیاد پر نااہل کیا تھا۔ یہاں معاملہ پیسے نا لینے کا نہیں بلکہ اربوں روپے کی ممنوعہ فنڈنگ لینے، 13 اکاﺅنٹس چھپانے اور مس ڈیکلیریشن کا ہے۔ قانون اور فیصلے الگ الگ نہیں ہونے چاہئے۔ عمران خان اور پی ٹی آئی اب قوم سے اور جھوٹ نہ بولیں۔